پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کرگئی، 1260 افراد جاں بحق

(آئی این این نیوز)

 اسلام آباد: 

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہزار 227 جبکہ مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 260 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 2 ہزار 76 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہزار 227 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں کورونا کے 22 ہزار 37، سندھ میں 24 ہزار 206 ، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 483، بلوچستان میں 3 ہزار 616، اسلام آباد میں 2 ہزار 15، گلگت بلتستان 651 اور آزادکشمیر میں 219 کیسزرپورٹ ہو چکے ہیں، ملک بھر میں کوروناوائرس کے 20 ہزار 231 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36 مریض دم توڑ گئے ، جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 260 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 425 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 380، پنجاب میں 381، اسلام آباد میں 19، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔