بارش کے باعث پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم خوش گوار

(آئی این این نیوز)

سندھ اور  پنجاب کے مختلف اضلاع میں رات گئے موسلادھار بارش نے موسم تو خوشگوار کر دیا لیکن کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

پنجاب میں گوجرانوالہ، شکر گڑھ، سیالکوٹ اور پسرور سمیت بعض علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ سندھ میں گھوٹکی، سکھر، اوباڑو، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور عمر کوٹ میں رات گئے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔

بارش اور آندھی کے باعث گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس کے باعث رات بھر شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔

سیپکو ترجمان کے مطابق بارش کے باعث سکھر میں 115 فیڈر ٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ کرنے کی وجہ سے سکھر، کندھ کوٹ، شکارپور، شہداد کوٹ، جیکب آباد،گھوٹکی، اوباڑو، خیرپور ، پنوعاقل اور روہڑی سمیت دیگر علاقوں  میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

سیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام جاری ہے، مرحلہ وار  بجلی کے فیڈر بحال کیے جا رہے ہیں، جلد تمام متاثرہ فیڈر ز بحال کر دیے جائیں گے۔