کے پی: نجی اسپتالوں کو کورونا مریض کے اخراجات آویزاں کرنے کا حکم

خیبر پختون خوا میں پرائیویٹ اسپتالوں کو کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے اخراجات آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ہیلتھ کیئر کمیشن خیبر پختون خوا کی جانب سے اس ضمن میں باضابطہ اعلامیہ جاری کر کے نجی اسپتالوں کو یہ حکم دیا گیا ہے۔

ہیلتھ کیئر کمیشن خیبر پختون خوا کے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کو خیبر پختون خوا میں حکومت نے ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال کورونا کے ہر مریض کے علاج کے اخراجات نوٹس بورڈ پر بھی لازمی آویزاں کریں۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 17 ہزار 450 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 661 ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 230 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 632 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 84 ہزار 863 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 51 ہزار 735 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔