اداکارہ زینب قیوم کے قریبی رشتہ دار کورونا سے جاں بحق

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و گلوکارہ زینب قیوم کے ماموں اور قریبی کزن عالمی وبا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے پرستاروں کو اطلاع دی کہ لاہور میں مقیم ان کے ماموں اور کزن کورونا سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مداحوں سے دنیا سے رخصت ہونے والوں کیلئے سورۃالفاتحہ پڑھنے اور دعائے مغفرت کی درخواست کی۔

زینب قیوم کا کہنا ہے کہ کورونا کو سنجیدہ لیں کیونکہ اس سے بےشمار لوگ موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اس عالمی وبا کے دوران تدفین کیلئے گھر والوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہے، ماموں کی اہلیہ اور بچے پہلے ہی از خود تنہائی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

اداکارہ کے ٹوئٹ پر ساتھی اداکاروں سمیت سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے دعائیہ پیغامات شیئر کئے جس پر زینب قیوم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کے پیغامات نے مجھے حوصلہ دیا ہے۔

اداکارہ کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے سینئر اداکاری حنا خواجہ بیات، عمیر رانا، ہارون شاہد، مہوش اعجاز، عائشہ خالد اور دیگر نے اظہار تعزیت کیا۔