شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں نون لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے دور میں ہر سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ نے اپنے دور میں سرکاری ملازمین کو ہاؤسنگ الاؤنسز اور دیگر مراعات فراہم کیں، سرکاری ملازمین بالخصوص کم اسکیل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا قبول نہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان حالات میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ نہ بڑھانا نا انصافی نہیں تو اور کیا ہے؟ مہنگائی ہر حد پار کر چکی ہے، صحت کے اخراجات بڑھ چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ معاشی تحریک پیدا کرنے کے اقدامات کہاں ہیں؟ بجٹ سے ظاہر نہیں ہوتا کہ ملک کساد بازاری اور سست روی سے گزر رہا ہے۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی اخراجات اور منصوبے کہاں ہیں؟ روزگار اور لوگوں کی غربت کم ہونے کے اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی مدد کے لیے کسی پروگرام کا بجٹ میں ذکر تک نہیں، زرعی شعبہ 2 اعشاریہ 9 فیصد کمی کا شکار ہے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے سوال اٹھایا کہ کسانوں کو رعایتیں کب دیں گے؟ حکومت کسان اور زراعت کے لیے اقدامات میں بھی بری طرح سے ناکام ہوئی ہے۔