پی ٹی آئی کے جارج کلیمنٹ انتقال کرگئے

(آئی این این نیوز)

پی ٹی آئی منارٹی ونگ کے مرکزی صدر جارج کلیمنٹ انتقال کرگئے۔ جس پر مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش لوہانا نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جئے پرکاش لوہانا نے کہا ہے کہ جارج کلیمنٹ چار روز قبل فیصل آباد جاتے ہوئے موٹروے پر حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جارج کلیمنٹ کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ جارج کلیمنٹ متحرک سیاسی لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ تھے، جارج کلیمنٹ نے اقلیتی برادری کو تحریک انصاف کے پرچم تلے منظم کرنے کے کیلئے بھرپور محنت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جارج کلیمنٹ کی تحریک انصاف کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ دو بار رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، تحریک انصاف کے آئین کو بنانے میں ان کا اہم کردار رہا۔

جئے پرکاش کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا انتقال پارٹی بالخصوص اقلیتوں کے لیے بڑا نقصان ہے، جارج کلیمنٹ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔