جو عوام کو جاہل کہتے ہیں وہ خود جاہل ہیں، سراج الحق

(آئی این این نیوز)

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ لاہور کے عوام با شعور ہیں۔ جو عوام کو جاہل کہتے ہیں وہ خود جاہل ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اصل میں یہ ان کو جاہل کہہ رہے ہیں جنہوں نے ان کو ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر بجٹ پیش کیا گیا۔ بجٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ساڑھے تین ماہ میں کورونا کے حوالے سے حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔ حکومت اپنے بیانات سے کنفیوژن پھیلا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہر ملک نے تیاری کی مگر ہماری حکومت سوئی رہی۔ کسی اسپتال میں ایک بھی نیا وینٹی لیٹر نہیں مہیا کیا گیا۔ ملک کے بڑے شہروں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بیڈ نہیں۔

واضح رہے کہ ایک بیان میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ لاہوریئے اللہ تعالیٰ کی الگ مخلوق لگتے ہیں وہ کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہوتے۔