گوجرانوالہ کے 6 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

(آئی این این نیوز)

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتظامیہ نے 6 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کے بی اور ای بلاک، پیپلز کالونی کے ڈبلیو اور وائے بلاک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے واپڈا ٹاؤن میں مکمل جبکہ ماڈل ٹاؤن کے بلاک اے اور بی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا مزید کہنا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاقوں احمد نگر اور قلعہ دیدار سنگھ کی مختلف گلیاں بھی سیل کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن والے تمام علاقوں کو بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، لوگوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے اور پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔