دنیا میں کورونا کیسز 8264399، ہلاکتیں 446135

(آئی این این نیوز)

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 82 لاکھ 64 ہزار 399 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 46 ہزار 135 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 34 لاکھ 96 ہزار 769 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 594 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 43 لاکھ 21 ہزار 495 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 132 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ 8 ہزار 400 ہو چکی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 86 ہزار 227 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 695 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 9 لاکھ 3 ہزار 41 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 28 ہزار 834 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 45 ہزار 456 زندگیاں نگل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 7 ہزار 284 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 45 ہزار 458 ہو چکی ہے۔