معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے

(آئی این این نیوز)

معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

طارق عزیز ادیب، شاعر اداکار اور سیاستدان بھی تھے

طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔

طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

1936ء میں بھارتی شہر جالندھر میں آنکھ کھولنے والے طارق عزیر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ صوبہ پنجاب آگئے۔

انہوں نے ساہیوال میں اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔

پاکستان کے پہلے مرد اناؤنسر

1964ء  میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر بنےتاہم انہیں اصل شہرت پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے شہرت حاصل ہوئی، وہ اس بروگرام کی کم و بیش 40 سال تک میزبانی کرتے رہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے طارق عزیز کی خدمات کے صلے میں انہیں 1992ء میں صدارتی تمغۃ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔

طارق عزیز نے سیاست کے میدان میں بھی زورآمائی کی اور 1997ء میں وہ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔