بھارت: بندر کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

(آئی این این نیوز)

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور کے چڑیا گھر میں ایک بندر کو 250 لوگوں کو کاٹنے اور ایک شخص کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بندر ساری عمر سلاخوں کے پیچھے رہے گا اور اسے رِہا نہیں کیا جائے گا۔

بندر نے مرزا پور میں 250 لوگوں کو کاٹ کر زخمی کیا جبکہ ایک شخص بندر کے حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوا اور دوران علاج چل بسا، بعدازاں اس بندر کو چڑیا گھر کی انتظامیہ کی مدد سے بڑی مشکل سے قابو کیا گیا اور کانپور کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا۔

چڑیا گھر کے ڈاکٹرکا کہنا ہے کہ 6 سالہ بندر کو ایک الگ تھلگ پنجرے میں کئی مہینے تک رکھا گیا لیکن اس کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اب اس کو چڑیا گھر میں آئے ہوئے 3 سال ہوگئے ہیں اور اب یہ فیصلہ ہوا ہے کہ یہ ہمیشہ کے لیے پنجرے میں قید ہی رہے گا۔