صدر مملکت کی طالب جوہری کےانتقال پر تعزیت

(آئی این این نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ طالب جوہری کےانتقال پراُن کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے بیٹے اسد جوہری کو ٹیلی فون کیااور مرحوم طالب جوہری کے درجات کی بلندی کےلیے دعا کی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ مرحوم کی دینی اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ معروف عالم ِدین اور ذاکر علامہ طالب جوہری گزشتہ رات انتقال کر گئے، وہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔

علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی جائے گی۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔ علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔

کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔

علامہ طالب جوہری فن تقریر میں صاحب اسلوب تھے۔ ایک دل نشیں مقرر ہونے کے علاوہ بھی علامہ طالب جوہری کی کئی جہتیں تھیں۔

انہوں نے کئی کتابیں لکھیں، قرآن کی تفسیر لکھی اور شاعری بھی کی، ان کی شاعری کے تین مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔