کراچی اسمارٹ لاک ڈاؤن، کیسز میں اضافہ نہ رک سکا

(آئی این این نیوز)

کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد شہر کے چھ اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تو 6 میں سے 4 اضلاع میں کیسز کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث صرف دو اضلاع میں کورونا کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کو ضلع شرقی میں 360 کیسز تھے اور اتوار کو 395 کیسز ہوگئے۔

کراچی کے ضلع جنوبی میں ہفتے کو 346 کیسز تھے اور اتوار کو 363 کیسز ہوگئے، ضلع وسطی میں ہفتے کو 165 کیسز تھے اور اتوار کو 172 کیسز ہوگئے، اسی طرح ضلع کورنگی میں ہفتے کے روز 119 کیسز تھے اور اتوار کو 140 کیسز ہوگئے۔

دوسری جانب کراچی کے ضلع ملیر اور غربی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کیسز میں کمی آئی ہے، ضلع ملیر میں ہفتے کو کورونا کے 185 کیسز تھے اور اتوار کو 99 کیسز ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ضلع غربی میں ہفتے کو 140 کیسز تھےاور اتوار کو111 کیسز سامنے آئے۔