10سال میں بجلی اتنی مہنگی نہیں ہوئی جتنی اس حکومت میں ہوئی، حنا ربانی کھر

(آئی این این نیوز)

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ10سال میں بجلی کے نرخ اتنے نہیں بڑھے جتنا اس حکومت نے 2 سال میں بڑھائے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ تیسری دفعہ قومی اسمبلی آئی ہوئی لیکن آج سے پہلے اتنی تقسیم کبھی نہیں دیکھی، ہم یہاں تنقید کرنے نہیں بلکہ ڈیلیور کرنے آئے ہیں۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ ہم تو بہت اچھا کررہے تھے لیکن کورونا آگیا، کورونا سے عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا چھوٹا سا کاروبار ہے، اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کی کوشش کررہی ہوں، یہی ریاست کا کام ہے کہ آفات میں عوام کا خیال رکھے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ کہا گیاتھا یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 50 ارب اور کورونا کے لیے 150 ارب رکھےہیں، حکومت کو عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے حقیقت بتانی چاہیے، بجٹ کےمطابق پی ٹی آئی اراکین کو ترقیاتی کاموں کے لیے 24 ارب ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اراکین کو ترقیاتی فنڈ دینے کو پی ٹی آئی کرپشن کہتی تھی، مظفر گڑھ میں ایک یونیورسٹی نہیں ہے، اسپتالوں میں دوائیاں نہیں مل رہیں، آپ کا مقابلہ ہمارے ساتھ نہیں بلکہ اپنے ساتھ ہی ہے۔