کرن جوہر اور سلمان خان کی فلموں کو خطرہ

(آئی این این نیوز)

بہار کی جن ادھیکار پارٹی (جے اے پی) کے صدر راجیش رنجن عرف پپو یادو نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست بہار میں فلم ڈائریکٹر کرن جوہر اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی فلمیں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پپو یادو نے کہاکہ بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ کا قتل ہوا ہے اور اس کے پیچھےبھارتی فلم ساز کرن جوہر، عالیہ بھٹ، ادیتیا چوپڑا اور سلمان خان ہیں۔

 پپو یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے آٹھ دن کے اندر اندر سی بی آئی انکوائری کرنے کا فیصلہ کرنا چاہیے، اگر ایسا نہیں ہوا تو ہم عدالت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ انکوائری جلد سے جلد کی جانی چاہیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی (جن ادھیکار پارٹی) بہار میں کرن جوہر اور سلمان خان کی ریلیز ہونے والی فلموں کی مخالفت اور بائیکاٹ کرے گی۔

دوسری جانب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور بھوجپوری اداکار منوج تیواری نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی معاملے میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منوج تیواری گزشتہ روز پٹنہ پہنچے وہاں انہوں نے سوشانت سنگھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

دوران ملاقات منوج تیواری نے بالی ووڈ میں اقربا پروری کا معاملہ بھی اُٹھایا اور کہا کہ سوشانت سنگھ بھی اسی کا شکار ہوئے ہیں۔