صوبائی بجٹ صرف اندرونِ سندھ کیلئے تھا: اسامہ قادری

(آئی این این نیوز)

ایم کیو ایم پاکستان کے کراچی سے رکنِ قومی اسمبلی اسامہ قادری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا بجٹ صرف اندرونِ سندھ کے لیے تھا، کراچی کے لیے صرف 25 کروڑ رکھے گئے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ اسمبلی اسامہ قادری کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سمیت بلا لیا۔

اسامہ قادری نے کورونا ٹیسٹ رپورٹ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کر دی ، جس کے بعد اسپیکر نے ٹیسٹ رپورٹ متعلقہ حکام کو چیک کرنے کے لیے دے دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کو بتایا کہ اسامہ قادری کی کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے رکن اسمبلی اسامہ قادری نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں سوا 3 ارب کے منصوبے اندرونِ سندھ کے لیے رکھے جبکہ پورے کراچی کے لیے صرف 25 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسامہ قادری ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 2018ء کے انتخابات میں کراچی کے حلقہ NA-253 پر رکنِ قومی اسمبلی منتخت ہوئے ہیں۔

اسامہ قادری گزشتہ دنوں کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور صحت یاب ہونے کے بعد اب انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔