شہباز شریف کا مشتاق منہاس کو فون خیریت دریافت کی، جلد صحت یابی کی دعا

اسلام آباد  مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔انہوں نے وزیر اطلاعات کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ پاک آپ کو جلد صحت یاب کرے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس کو رات گئے ملٹری ہسپتال (ایم ایچ ) راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔اس سے پہلے وہ گھرمیں ہی آئسولیٹ تھے اور وہاں ہی علاج ہو رہا تھا لیکن قائد پاکستان محترم محمد نواز شریف کی ہدایت اور پھر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے پرزور اصرار پر وہسپتال جانے پر تیارہوئے۔قائد پاکستان محمد نواز شریف نے گزشتہ روز کئی بار ان کا پتہ کیا اور ڈی جی وزیراعظم ہاوس ذوالفقار علی ملک کوہدایت کی کہ وزیراعظم آزادکشمیر ان کے علاج کے لیے ممکنہ اقدامات کریں جس پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہنگامی طور پر اعلی سطح پر بات کر کے ان کی ایم ایچ منتقلی کے انتظامات کروائے۔

ادھر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس کی ایم ایچ منتقلی کی خبر سنتے ہی آزادکشمیر بھر ،پاکستان اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی جو ان کی صحت کے حوالے سے انتہائی پریشان تھے۔ترجمان وزیر اطلاعات نے تمام احباب سے کہا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے ایم ایچ میں وزیر اطلاعات کا علاج جاری ہے۔ترجمان نے تمام احباب سے اپیل کی کہ وہ وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کی جلد صحت یابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی دعاوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔