کورونا پر وزراء اور وزیراعظم کے بیانات برعکس ہیں، شہبازشریف

(آئی این این نیوز)

مسلم لیگ ن کے صدر اورقائدِ حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ وزراء کورونا وائرس سے اموات کے اعلان کر رہے ہیں اور  وزیراعظم عمران خان کا بیان اس کے برعکس ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کنفیوژن پر مبنی بیان ان کے مسلسل حالت انکار میں ہونے کا ثبوت ہے، وفاقی سطح پر یہی وہ کنفیوژن ہے جس کی قیمت عوام اپنی جان سے ادا کر رہے ہیں، ہم نے اس کنفیوژن کی نشاندہی کی، کورونا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کا تقاضا کیا۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں میں اضافہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم ہر روز ایک نیا عذر تراش رہے ہیں، وقت ضائع کرنے اور بے عملی کا نتیجہ شہریوں کی اموات کی صورت میں نکل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت عذر اور بہانے تراشنے کا نہیں بلکہ قوم کی مدد کرنے کا ہے، وزیراعظم کو این سی او سی کے اجلاس میں بلا کر بریفنگ دی جائے، و فاق اور صوبے مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

شہبازشریف کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ جولائی میں کوروناوائرس کے بلند ترین سطح پر ہونے کی اطلاعات کو سنجیدہ لیاجائے، مشترکہ مفادات کونسل اور این سی او سی اجلاس میں ٹھوس فیصلے کیے جائیں اور حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے۔

شہبازشریف نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن سلینڈرز، وینٹی لیٹرز اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔