بجٹ سیشن میں تجاویز لینے کیلئے حکومتی وزراء ہی موجود نہیں،خواجہ آصف

(آئی این این نیوز)

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ  یہ طے ہوا تھا کہ حکومتی وزراء بجٹ سیشن میں تجاویز لیں گے، لیکن یہاں کوئی نہیں ہے ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زبان کا استعمال دونوں طرف سے ہوتا ہے ، ایک رکن کو سنگل آوٹ کرنا مناسب نہیں، ہر رکن کو پابندی کرنی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کسی کی ذات کو زیر بحث لانا غیر مناسب ہے، ایوان کا تقدس برقرار رکھنا ہو گا۔

جس پر قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے خواجہ آصف کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کابینہ کا اجلاس ہو رہا ہے وزراء وہاں گئے ہوئے ہیں۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ کابینہ کا اجلاس ہو رہا ہے مگر اس ایوان کو بھی نظر انداز نہیں کیاجاسکتا، کم ازکم سینئر حکام کو یہاں ہونا چاہیے ۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اخلاق سے گری ہوئی بات نہیں کرنی چاہیے ، آیندہ کوئی بھی کسی کی ذات پر بات کرے گا اس کو ایوان میں بیٹھنے نہیں دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب ارکان سے گزارش ہے کہ ذاتیات پر بات نہ کریں ، سیاسی بات ہونی چاہیے ،ہم لوگ اپنا مذاق خود اڑاتے ہیں ۔