حکومت کورونا ٹیسٹ مفت کر رہی ہے، وزیر صحت سندھ

(آئی این این نیوز)

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کورونا ٹیسٹ مفت میں کر رہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ نجی اسپتال کورونا ٹیسٹنگ فیس 8 ہزار روپے تک لے رہے ہیں، جبکہ سندھ حکومت یہ ٹیسٹ مفت میں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اکتوبر تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس وجہ سے ہم آئی سی یو اور ہائی ڈپینڈینسی یونٹ کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں۔

عذراپیچوہو نے بتایا کہ سندھ حکومت علاج معالجے کے لیے صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 3 ہزار 892 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس موذی وباء کے ہاتھوں مزید 60 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 88 ہزار 926 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 755 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 7 ہزار 417 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 77 ہزار 754 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

واضح  رہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 72 ہزار 656 ہو چکی ہے، جبکہ 1 ہزار 124 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔