حکومت تحقیق کرائے کہ ٹڈی کھانے سے کورونا ختم ہوتا ہے: ریاض فتیانہ

(آئی این این نیوز)

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی ریاض فتیانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تحقیق کروائے کہ ٹڈی کھانے سے کورونا وائرس ختم ہوتا ہے یا نہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریکِ انصاف کے رکنِ اسمبلی ریاض فتیانہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کو کھانے سے کورونا وائرس ختم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹڈیوں کے حوالے سے تحقیق کروا لے، اگر یہ حقیقت ہے تو قوم ٹڈیوں کا خود ہی تیا پانچا کر دے گی۔

حالیہ بجٹ کے متعلق ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا، حکومت نے مشکل وقت میں اچھا بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے طبی سامان کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، یونیورسٹیز کو 15 جولائی کو کھولنے کا اقدام لائقِ تحسین ہے۔

ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو ویڈیو کال کی سہولت دینے سے ملاقات کا دباؤ کم ہوجائے گا،قیدیوں کو مشقت کا معاوضہ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے بلین سونامی ٹری کا منصوبہ متاثر ہوا ہے، سائبر قانون خاصا کمزور ہے، اس میں ترمیم کی جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ریاض فتیانہ سے کہا کہ آپ اس حوالے سے تجاویز لے کر آئیں ہم اس کا جائزہ لے لیتے ہیں، آپ پرائیویٹ ممبر ڈے پر تجاویز لے آئیں۔