کورونا نظر نہیں آتا مگر اس نے دنیا کو خوف میں مبتلا کردیا ہے، شہریار آفریدی

(آئی این این نیوز)

وزیر مملکت شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللّہ کہتا ہے جب میری مخلوق کو تنگ کرو گے تو میں تمہیں انجانے خوف میں مبتلا کردوں گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس نظر نہیں آتا مگر اس نے دنیا کو خوف میں مبتلا کردیا ہے، دنیا پر ایسی آزمائش ہے جس کے بارے میں کسی کو کچھ سمجھ نہیں آرہا۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں صرف پاکستان مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر دنیا کو آگاہی دے رہا ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر سودے بازی نہیں کرسکتا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ لداخ میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شدید معاشی مسائل کے باوجود بھی حکومت نے کوئی ٹیکس نہیں لگایا اور احساس پروگرام کے ماڈل کے تحت یو این ایچ سی آر نے پاکستان میں ایک لاکھ بیس ہزار مہاجرین کی کفالت کی۔