کورونا وائرس، پنجاب حکومت نے ٹیسٹنگ کی رفتار میں اضافہ کر دیا

لاہور,کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے پنجاب حکومت نے ٹیسٹنگ کی رفتار میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 12 ہزار کورونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں بیڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 19 ہزار 500 سے زیادہ افراد کورونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کو اجلاس میں تمام حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس پر ان کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں نئے مریضوں کے لئے جگہ ختم ہونے لگی ہے۔
لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں بیڈر کے علاوہ آئی سی یو میں بھی مریضوں کو رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے ہسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ شہر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کا رش ہونے کی وجہ سے اب صرف 85 فیصد بیڈز باقی رہ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پرائیوٹ ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے برابر ہے اور اب وہ مریضوں کو سرکاری ہسپتال میں بھیج رہے ہیں جبکہ وہاں بھی جگہ ختم ہونے کے برابر ہے۔ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا کہ 11 ملین سے زائد کی آبادی والے شہر لاہور میں کویوڈ 19 مریضوں کے لئے 643 آئی سی یو بیڈ دستیاب ہیں ، جن میں سے صرف 35 سے 38 نئے مریضوں کے لئے خالی رہ گئے ہیں۔ تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے اس بات کا اعلان کر دیا گیا ہے لاہور سمیت صوبے بھر میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 60 افراد جاں بحق ہوئے جو کہ گزشتہ کئی روز کے مقابلے میں یومیہ اموات کی نسبتاََ کم تعداد ہے۔ 22 جون کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 19 دنوں کی کم ترین سطح پر تھے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز 3 ہزار 892 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ گزشتہ 20 دنوں کے دوران رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے کم ترین تعداد ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزرنے والے 24 گھنٹوں میں 23 ہزار سے زائد کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے 3 ہزار 892 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اسی کے ساتھ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 88 ہزار 926 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد میں سے 75 ہزار 238 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز 60 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 755 ہو گئی ہے۔