کراچی میں جائیداد کا تنازعہ، بہن کے قتل کا مقدمہ بھائیوں کیخلاف درج

کراچی کے علاقے لانڈھی میں جائیداد کے تنازعہ پر مبینہ طور پر بھائیوں کے ہاتھوں بہن کے قتل کا مقدمہ دو بھائیوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

لانڈھی میں جائیداد کے تنازعہ پر بھائیوں نے مبینہ طور پر بہن کو قتل کرنے کے واقعہ پر پولیس نے مقتولہ ماہین کے قتل کا مقدمہ دو بھائیوں کے خلاف درج کرلیا ہے۔

مقدمہ مقتولہ کی بہنوں کے بیان کے بعد شوہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے شعبہ تفتیش کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مقتولہ کی بہنوں کے مطابق ان کے بھائیوں نے پہلے بھی جائیداد کے لیے بہن ہر دباؤ ڈالا تھا اوربھائی خود ہی بہن کو زخمی حالت میں اسپتال لے کرگئے تھے۔

مقتولہ کے سر اور جسم پر چوٹ کے نشانات موجود تھے، تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، مقتولہ کی دیگر بہنوں کا الزام ہے کہ ماہین بہیمانہ تشدد کے بعد کئی دن سے اسپتال میں تھی اور دو دن پہلے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ہے۔