کراچی میں آج گرمی کی شدت کم رہے گی

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز کے مقابلے میں آج گرمی کی شدت کم رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ جنوب مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے، آج شام تک ہوا کا کم دباؤ اومان کے ساحل تک پہنچ جائے گا۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں شام سے سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کا امکان ہےجبکہ جمعہ سے موسم میں بہتری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

شہر میں مغربی علاقوں سے ہوائیں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 53فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ سے مطلع ابر آلود رہنے اور صبح اور رات میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔