احسن اور اُشنا کا نیا ڈرامہ آج پیش کیا جائے گا

(آئی این این نیوز)

انتظار کی گھڑیاں ختم، احسن خان اور اُشنا شاہ نئی ڈرامہ سیریل میں آج رات 8 بجے جیو ٹی وی کے نئے ڈرامے ’بندھے اک ڈور سے‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

ناظرین کو اس ڈرامے کا بے چینی سے انتظار تھا، ڈرامے میں ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں کے مقبول ہیرو احسن خان اور اُشنا شاہ کی جوڑی کو ڈرامے کے پرومو میں بے حد پسند کیا گیا۔

احسن خان ناظرین جیو کے سپر ہٹ ڈرامے شاہ رخ کی سالیاں، میں نئی نسل کی مقبول ہیروئن رمشا خان کے ساتھ بے حد پسند کیا گیا تھا، اسی طرح انہیں فلم چھپن چھپائی میں صف اول کی ہیروئن نیلم منیر کے ساتھ فلم بینوں نے بہت سراہا تھا اور اب وہ اُشنا شاہ کے ساتھ جلوے بکھیریں گے۔

احسن خان کا کہنا ہے کہ محبت کی ڈور کبھی ٹوٹنی نہیں چاہیے، ہم سب رشتوں چاہتوں اور محبتوں کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں اور یہ ڈور کسی بھی صورت میں ٹوٹنی نہیں چاہیے میرا نیا ڈرامہ ’بندھے اک ڈور سے‘ آج سے شروع ہو رہا ہے۔

یہ ڈرامہ جیو پر ہر جمعرات کو ناظرین دیکھ سکیں گے ہمیں کالز آرہی ہیں ڈرامہ کب شروع ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں اداکار احسن خان نے بتایا کہ ہم سب کی ڈور اوپر والے کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہم سب کا رب ہے جسے چاہتا ہے کامیابی عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے۔

 ہمارے نئے ڈرامے کے پرومو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے، ناظرین مذکورہ ڈرامے کو فائزہ افتخار نے لکھا ہے جبکہ اس کی ڈائریکشن علی فیضان نے دی ہے۔

سیونتھ اسکائی کے عبداللّٰہ کادوانی پروڈیوسر ہیں، ٹی وی ڈرامے اڈاری اور الف میں عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے اداکار احسن خان نے بتایا کہ ڈرامے میں میرا کردار ایک ایسے نوجوان کا ہے جو اپنے خاندان کو کسی بھی صورت متحد رکھنا چاہتا ہے اور ساتھ ساتھ میری اور اُشنا شاہ کی رومانس سے بھری کہانی بھی ناظرین کے دل جیت لے گی ہم دونوں کی اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈرامے کی ہیروئن اُشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں گھرانوں کی میٹھی میٹھی اور دل میں اتر جانے والی باتوں کو اُجاگر کیا گیا ہے، یہ ایک پاکستانی کنبے کی کہانی ہے جس میں فائزہ افتخار کے قلم کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔

ڈرامے کے دیگر کاسٹ میں حنا الطاف، ثمینہ احمد نواز حسن، مدیحہ رضوی اور قوی خان بھی شامل ہیں، آج پہلی قسط جیو سے آن ایئر ہوگی۔