فرحان سعید کا جاوید میانداد کو خراج تحسین

(آئی این این نیوز)

پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار فرحان سعید کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز عظیم بلے باز جاوید میانداد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فرحان سعید نے لیجنڈری قومی کرکٹر جاوید میانداد کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے اُنہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فرحان سعید نے انسٹاگرام پر جاوید میانداد کی چند یادگار تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان میں کرکٹ ایک جنون ہے اور آج میں کرکٹ کے لیجنڈ جاوید میانداد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کئی سالوں تک ملک کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’جاوید میانداد کا کیریئر اور کارنامے کسی تعارف کے محتاج نہیں، شارجہ کے میدان میں مقابل حریف بھارت کے خلاف آخری گیند پر جاوید میانداد کے چھکے کا جادو آج بھی کرکٹ کی دُنیا میں برقرار ہے۔‘

فرحان سعید نے لکھا کہ ’جاوید میانداد نے اپنے کیرئیر کے دوران پاکستان کرکٹ کو شان و شوکت دی اسے بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔‘

اُنہوں نے جاوید میانداد کے نیک اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’جاوید میانداد ایک اچھے اخلاق کے مالک ہیں، وہ جہاں بھی جاتے ہیں محبت اور خوشیاں بکھیر دیتے ہیں، اور ہر فرد سے پیار و محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘

فرحان سعیدنے مزید لکھا کہ ’میری طرف سے جاوید میانداد کا شکریہ ادا کرنے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کوشش تھی، ہم سب آپ کی خدمات کے لیے ہمیشہ آپ کے مشکور رہیں گے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل فرحان سعید نے ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دینے والی عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا تھا جن میں اداکار قوی خان، صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور معروف کامیڈین عمر شریف شامل تھے۔