دنیا میں کورونا کیسز 9909965، ہلاکتیں 496991

(آئی این این نیوز)

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں 912 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 11 ہزار 418 مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 99 لاکھ 9 ہزار 965 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 96 ہزار 991 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 40 لاکھ 52 ہزار 208 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 610 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 53 لاکھ 60 ہزار 766 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 27 ہزار 640 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 25 لاکھ 52 ہزار 956 ہو چکی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 13 لاکھ 56 ہزار 613 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 15 ہزار 765 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 10 لاکھ 68 ہزار 703 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 80 ہزار 54 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 56 ہزار 109 زندگیاں نگل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 8 ہزار 781 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 20 ہزار 794 ہو چکی ہے۔

بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافےکے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے، جہا ںکورونا سے 15 ہزار 689 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 9 ہزار 446 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 43 ہزار 414 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 360 ہو چکی ہے۔

اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 94 ہزار 985 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 28 ہزار 338 ہو گئیں۔

پیرو میں کورونا وائرس کے باعث 8 ہزار 939 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 2 لاکھ 72 ہزار 364 رپورٹ ہوئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 34 ہزار 708 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 39 ہزار 961 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 10 ہزار 239 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 2 لاکھ 17 ہزار 724 ہو گئے۔

ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 65 ہو گئی جبکہ کورونا کے کُل کیسز 1 لاکھ 94 ہزار 511 ہو گئے۔

جرمنی میں کورونا سے کُل اموات کی تعداد 9 ہزار 26 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 94 ہزار 399 ہو گئے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 1 ہزار 474 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 74 ہزار 577 تک جا پہنچی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 778 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 62 ہزار 936 ہو گئے۔

چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے۔

چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 483 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ یہ زیادہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں چین، فرانس، سعودی عرب، ترکی اور جرمنی سے بھی آگے نکل کر 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 3 ہزار 138 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس موذی وباء کے ہاتھوں مزید 74 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 883 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 35 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 7 ہزار 942 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 86 ہزار 906 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔