لاہور: گجر پورہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، 2 فرار

(آئی این این نیوز)

لاہور:  گجر پورہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور 2 فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق ڈاکو کرول گھاٹی کے قریب ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔

ترجمان پولیس کے مطابق 3 ڈاکو کرول گھاٹی کے قریب ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے، ڈاکوؤں نے دو افراد کو لوٹا، متاثرہ شہری کارروائی کے لئے کرول چوکی پہنچ گئے۔ گجر پورہ پولیس کے اہلکار جیسے ہی موقع واردات پر پہنچے ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہ ہو سکی، اسلحہ برآمد کر کے لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ مقامی افراد کی جانب سے ڈاکو کی ہلاکت پر گجر پورہ پولیس کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔