سٹیج فنکاروں کی تھیٹر نہ کھولنے پر بھوک ہڑتال کی دھمکی

(آئی این این نیوز)

لاہور:  سٹیج فنکاروں نے حکومت کو 7 دن کی مہلت دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر تھیٹرز نہ کھولے گئے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق سٹیج فنکاروں نے عید والے دن چیئرنگ کراس لاہور پر سٹیج ڈرامہ پیش کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ پنجاب بھر کے تھیٹرز کے مالکان اور فنکاروں نے گزشتہ روز میٹروپول سینما میں پریس کانفرنس کی۔

چیئرمین تھیٹر ایکشن کمیٹی قیصر ثنااللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران بے حس انسان ہیں، ان کی وجہ سے غریبوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، فنکاروں کو بھی تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے، کسی کی دادرسی نہیں کی جارہی۔ آرٹس کونسل کے نام پر فنڈ رکھے جارہے ہیں لیکن کوئی کام نہیں ہو رہا، سب آرٹس کونسلز کوبند کر دینا چاہئے۔

نسیم وکی، شاہدخان، سہیل احمد، طاہر انجم اور میگھا سمیت دیگر فنکاروں نے کہاکہ حکومت امداد نہ دے صرف کام کرنے دے، ہم کما کر گزارہ کر لیں گے۔