خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کچھ دیر بعد ادا کی جائیگی، انتظامات مکمل

(آئی این این نیوز)

لاہور:  تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کچھ دیر بعد ادا کی جائے گی، مینار پاکستان گراؤنڈ لاہور میں انتظامات مکمل کر لئے گئے، غم سے نڈھال کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، اے آر ایف، ایس پی یو اور سادہ لباس میں جوان بھی ڈیوٹی کر رہے ہیں، شہر بھر میں مختلف مقامات پر گذشتہ رات بھرپور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیا گیا، ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں جنازے کے روٹ، گریٹر اقبال پارک اور گرد و نواح میں موثر پٹرولنگ کریں گی، بلند عمارتوں پر تعینات سنائپرز اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ میں شرکت کے لئے آنے والے شہریوں کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، شہری دوران سفر ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق روٹ کی پابندی کریں، کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہری فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔