سرگودھا: کورونا کی تشخیص کیلیے جدید لیبارٹری نے کام شروع کردیا

(آئی این این نیوز)

کورونا وائر س کی تشخیص کے لیے 14 کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ سے سرگودھا میں جدید لیبارٹری نے کام شروع کر دیا جس میں ابتدائی طور پر یومیہ 210 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے بتایا کہ کورونا کی حالیہ لہر کی سنگینی کے باعث پنجاب حکومت نے ریکارڈ مدت میں 14کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ سے جدید کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی ہے جہاں ابتدائی طور پر روزانہ کورونا کے 210 ٹیسٹ ہوں گے جب کہ آنے والے دنوں میں ہیپاٹائٹس ABC اور HIV ایڈز کے ٹسٹ بھی جاسکیں گے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر سنگین ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، لیبارٹری کے قیام سے لاہور اور اسلام آباد میں ٹیسٹ کے سیمپل بھجوانے کی بجائے روزانہ کی بنیاد پر فراہم کردہ نمونہ جات کے رزلٹ حاصل کیے جاسکیں گے۔