شریف برادران کی والدہ کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی، نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل

(آئی این این نیوز)

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی۔ شریف میڈیکل سٹی کے فٹ بال گراؤنڈ میں نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب بیگم شمیم اختر کی تدفین کے لیے 5 دن کے لیے پیرول پر رہائی کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن سے جاتی امراء پہنچے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نماز جنازہ اور تدفین سمیت تمام معاملات کی خود نگرانی کرینگے۔

ٹیلی فونک رابطے میں نواز شریف نے شہباز شریف کو بتایا کہ والدہ کی میت کے ساتھ بہن، بہنوئی اور دیگر رشتے دار آ رہے ہیں۔ نواز شریف نے بھائی کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کر دی۔

رہائی کے بعد مریم نواز نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے دادی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چچا جان اس وقت ہم پر شدید غم کی گھڑی ہے، حکومت میری دادی اورآپ کی والدہ کی وفات کو بھی مستقل سیاسی رنگ دے رہی ہے، ہم نے کبھی کسی کی کردار کشی کی ہے نہ کبھی کریں گے۔

یاد رہے حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 27 نومبر سے یکم دسمبر تک رہا کیا گیا ہے۔