لاہور: نکاح کی تقریب میں دلہن کے پہلے شوہر کی انٹری، بھائیوں نے گولیاں برسادیں

(آئی این این نیوز)

لاہور: نشتر کالونی میں نکاح کی تقریب میں لڑکی کا پہلا شوہر ہونے کا دعویدار بھی پہنچ گیا جسے دیکھتے ہی دلہن کے بھائیوں نے فائرنگ کر دی جس سے مدعی شوہر زخمی ہوگیا۔

نشتر کالونی میں نکاح کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دلہن کا مدعی شوہر فہیم اپنے ساتھی اور ماں سمیت پہنچ گیالیکن اسے دیکھتے ہی دلہن کے چاروں بھائی مشتعل ہوگئے، اسلحہ نکالا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جیونیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاروں افراد سرعام فائرنگ کررہے ہیں اور حملہ آور زخمی فہیم پر تشدد بھی کرتے ہیں جب کہ فہیم کی ماں دہائی دیتی رہی مگر کسی نے ایک نہ سنی۔

محلے داروں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، متاثرہ نوجوان فہیم کا کہنا ہے کہ ثنا نے 7 ماہ پہلے اس سے نکاح کیا تھا اور چند روز قبل میکے آ ئی، اب اس کا نکاح پر نکاح کیا جارہاتھا، اس کا ایک بھائی پولیس ملازم ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور درخواست ملنے پر کارروائی کی جائے گی۔