بھارت کی دیسی کووڈ-19 ویکسین لینے والے ریاستی وزیرداخلہ کو کورونا ہو گیا

(آئی این این نیوز)

بھارتی ریاست ہریانہ کے وزیرداخلہ مقامی ویکسین لینے کے باوجود کچھ دنوں بعد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی کوششیں جاری ہیں اور کئی بڑی دوا ساز کمپنیاں ویکسین کی جانچ کے تیسرے یعنی آخری مرحلے میں ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت بائیوٹیک ، آئی سی ایم آر کے ساتھ مل کر "کوویکسن” کے نام سے کورونا ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی جانچ کا عمل تیسرے مرحلہ میں ہے ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریانہ کے وزیرداخلہ انل وج کو گزشتہ 20 نومبر کو اسی دیسی ویکسین کے تیسرے مرحلہ کا پہلا ٹیکہ لگایا گیا تھا ۔

انل وج/فائل فوٹو

لیکن اب انل وج نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں ، ساتھ ہی انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب لوگ جو ان سے رابطے میں آئے ہیں ، وہ خود کورونا ٹیسٹ کروالیں ۔