ریڈ زون میں فائرنگ کے معاملے پر ایڈیشنل سیشن جج عہدے سے برطرف

(آئی این این نیوز)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں فائرنگ کے معاملے پر ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں انہیں مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے ریڈ زون میں جھگڑے میں فائرنگ کی تھی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے جہانگیر اعوان کو شنوائی کا موقع دیا تاہم وہ صفائی پیش نہ کرسکے تھے۔

خیال رہے کہ 13 ستمبر 2020  کو اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے پیٹرول پمپ پر سابق ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا ہوا تھا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں ایم پی اے کے شوہر کو گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے مارتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ایڈیشنل سیشن جج نے ذاتی دفاع کے لیے عابدہ راجہ کے شوہر کے پاؤں پر فائر بھی کیے تھے۔

واقعے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج کو چارج فوری چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی اور وہ تاحکم ثانی معطل تھے۔