امریکی عوام نے سماجی دوری کو مذاق سمجھ لیا، ہزاروں افراد ساحل سمندر پر جمع

دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا میں سماجی دوری اختیار کرنے کو انتہائی غیر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلوں پر  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود بھی عوام کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے جانب سے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل سمندر کی تصاویر شیئر کی گئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساحل پر لوگوں کا ہجوم ہے۔

ماہرین کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد حل سماجی دوری اختیار کرنا بتایا گیا ہے، جس پر سختی سے عمل کر کے وائرس کے پھیلاؤ کو کافی حد تک روکا جا سکتا ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 54 ہزار  265 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے متاثر ہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔