کراچی چیمبر کا بھی ٹیکس گوشواروں کی تاریخ بڑھانے کیلیے وزیراعظم کو خط

(آئی این این نیوز)

رپورٹ : اقبال چوہدری

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس گوشوارے جمع  کرانےکی تاریخ میں توسیع کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

صدر کراچی چیمبر  شارق وہرہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 30 جنوری تک توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباکی دوسری لہر میں ٹیکس ماہرین کے معمولات متاثر ہیں، مشکل وقت ہے چنانچہ ٹیکس دینے والوں کوسہولت فراہم کی جائے۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ ٹیکس سال کے ریٹرن فارم میں غلطیاں موجود ہیں جس سے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کو 23 نومبر کو خط لکھ کر آگاہ کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا دورانیہ 60 روز بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔