’پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح 2 اور دنیا بھر میں 2.25 فیصد‘

(آئی این این نیوز)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہےکہ  پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح 2 فیصد اور دنیا بھر کی 2.25 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ کورونا مثبت آنے کی شرح کراچی میں 18.43 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد میر پور آزاد کشمیر 14.29 فیصد کے ساتھ دوسرے اور پشاور 11.68 فیصدکے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

این سی او سی کےمطابق بلوچستان میں کورونا کی شرح 12.85، سندھ 12.27، آزاد کشمیر  7.74،کے پی 8.10، اسلام آباد  4.81 اور پنجاب میں 3.89 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

این سی او سی کا کہنا ہےکہ ملک بھر میں تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ایسےمریضوں کی تعداد 2538 ہے جب کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح 2 فیصد اور دنیا بھر کی2.25 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں میں 76 فیصد کی عمر 50 سال سے زیادہ رہی ہے اور  72 فیصد افراد وہ ہیں جودیگر بیماریوں میں مبتلا رہے۔