مسجد وزیر خان میں شوٹنگ: مقدمے میں سائبرکرائم کی دفعات شامل کرنے کی سفارش

(آئی این این نیوز)

لاہور: تاریخی مسجد وزیرخان میں شوٹنگ کے معاملے میں پراسکیوشن نے مقدمے میں سائبرکرائم کی دفعات شامل کرنے کی سفارش کر دی۔ 

سیشن عدالت نے اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کا چالان سی سی پی او لاہور کو ارسال کر دیا۔

پراسکیوشن نے مقدمے میں سائبرکرائم کی دفعات شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہےکہ واقعے کی سوشل میڈیا میں فوٹیج وائرل ہوئی تھیں، سی سی پی او لاہور مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کا حکم دیں، پولیس نے چالان مکمل کر کے پراسیکیوشن میں جمع کروا دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس معاملے پر اداکارہ صباء قمر کی سیشن کورٹ نے عبوری درخواست ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

گزشتہ دنوں صبا قمر اور بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہٰذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔