پاکستان کا اقوام متحدہ، یورپی یونین کے بھارتی پروپیگنڈا میں استعمال کی تحقیقات کا مطالبہ

(آئی این این نیوز)

اسلام آباد:  پاکستان نے جعلی بھارتی این جی اوز اور فیک میڈیا کے نیٹ ورک کے ذریعے اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ 

وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ  بھارت 15سال سے جھوٹ کے ذریعے پاکستان کے تشخص کو متاثر کررہا تھا، یورپ کی ڈس انفو لیب نے ہمارے موقف کی تائید کرکے اس پر مہر لگادی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی اس ایکٹیویٹی کا دائرہ 116 ممالک تک پھیلا ہوا تھا جس میں 750 سے زائد فیک نیوز ویب سائٹ  اور 10 کے قریب این جی اوز اور تھنک ٹینک کا استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جعلی مظاہرے اور ایونٹس کروائے جاتے رہے، یورپی یونین میں پارلیمنڑی گروپس ترتیب دیے گئے، ہم نے کہا تھا جی بی اور بلوچستان میں یہ گروپس حرکت میں آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فرینڈز آف بلوچستان بھارت کے پراپیگنڈا کے پرچار کے لیے بنایا گیا، بھارت ان گروپس کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار میں ملوث ہے لیکن پاکستان بھارت کا ہر سطح پر مقابلہ کر رہا ہے۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ اے این آئی بھارتی نیوز ایجنسی جعلی معلومات پھیلانے میں ملوث ہے۔