طلاق کی خبروں پر اداکارہ فریال محمود کا سخت ردِ عمل

(آئی این این نیوز)

سوشل میڈیا صارفین کوئی بھی خبر یا افواہ کو بغیر کسی تصدیق کے آگے پہنچانے اور اس پر اپنی رائے کا اظہار کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتے۔

سوشل میڈیا پر متعدد پیجز کی جانب سے اداکار جوڑیوں کی طلاق سے متعلق خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس پر کسی جوڑی نے خبر کی تصدیق کی تو کسی نے افواہوں پر کان نہ دھرے۔

سوشل میڈیا پر طلاق کی افواہوں کی زد میں آنے والی جوڑیوں میں، اداکارہ عروہ اور فرحان سعید، فیروز خان اور علیزے اور حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکار جوڑی فریال محمود اور دانیال راحیل شامل ہیں۔

گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر متعدد پیجز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اداکار فریال محمود اور دانیال راحیل کی طلاق ہو گئی ہے۔

—اسکرین گریب

اب اداکارہ فریال محمود کا طلاق سے متعلق خبروں پر سخت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

 اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘میں سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس دیکھ رہی ہوں جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ میری طلاق ہو گئی ہے’۔

فریال محمود نے لکھا کہ مصروف ہونے کہ وجہ سے میں اور شوہر ایک ساتھ وقت نہیں گزار پا رہے اور روزانہ انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے تصاویر پوسٹ نہ کرنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری طلاق ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں، بجائے اس کے کہ آپ کو یقین دلائیں کہ ہماری شادی اچھی چل رہی ہے۔

اداکارہ فریال محمود نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ آپ لوگ میری شادی کو مجھ پر اور میرے شوہر پر چھوڑ کر اپنی زندگی کے مسائل کی فکر کریں۔

خیال رہے کہ اداکارہ فریال محمود رواں سال مئی میں اداکار دانیال راحیل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔