فیاض چوہان نے سیاست کو خیرباد کہنے کیلیے اپوزیشن کو کیا چیلنج دیا؟

(آئی این این نیوز)

لاہور: وزیر کالونیز  و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن 50 ہزار کرسیاں بھر دے تو میں اسی وقت سیاست کو  خیرباد کہہ دوں گا۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت کو چیلنج  ہے کہ اقبال پارک میں 50 ہزار کرسیاں لگائیں اور  انہیں بھر کر دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بصورت دیگر مکس اچار پارٹی ناٹک بند کرے اور ابا جی کی کرپشن کا حساب دے۔

وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ تھریٹ الرٹ کے باوجودپی ڈی ایم جلسہ عوام کی زندگیاں داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقبال پارک میں ایک فٹ کے فاصلے سے تقریباً 50 ہزار تک کرسیاں لگانے کی گنجائش ہے، پی ڈی ایم نے پارک کے 5ویں حصے کو بھی جلسہ گاہ کی شکل نہیں دی، 10، 10 فٹ پر کرسیاں لگائی گئی ہیں جو 7 ہزار سے زائد نہیں ہو سکتیں۔

خیال رہے کہ لاہور کا مینارِ پاکستان گراؤنڈ جو اَب گریٹر اقبال پارک میں بدل چکا ہے وہاں آج یعنی 13 دسمبر کو پی ڈی ایم سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔