کراچی میں کورونا کیسز کی ریکارڈ شرح، لاہور اور پنڈی میں بھی تیزی سے اضافہ

(آئی این این نیوز)

پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح کراچی میں ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور اور راولپنڈی میں بھی کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.98 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.13 فیصد، خیبرپختونخوا میں 11.68 فیصد، بلوچستان میں 9.30 فیصد اور پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.39 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.68 فیصد، آزاد جموں کشمیر میں یہ شرح 8.78 فیصد اور گلگت بلتستان مثبت کیسز کی شرح 1.98 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اور اسپتالوں میں داخل کورونا کے 58 فیصد مریض وینٹی لیٹر پر ہیں اور 2471 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے سب سے زیادہ 18.92 فیصد مثبت کیسز کراچی میں ہیں، پشاور 18.08فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ 15.26 فیصد مثبت کورونا کیسز کے ساتھ حیدر آباد کا تیسرا نمبر ہے۔

این سی او سی کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 8.89 فیصد جبکہ مظفر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 8.33 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر پنجاب میں لاہور اور راولپنڈی میں کورونا مثبت کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔