ملک میں کورونا وائرس کے 874 نئےکیسز،،مجموعی تعداد15759، اموات 346

پاکستان بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 874 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار 759 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثرہ 19 افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 346 ہو گئی۔

مہلک وائرس کے ملک میں 11 ہزار 361 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 153 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 4 ہزار 52 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 6 ہزار 61 ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 103 ہو گئی ہیں۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 5 ہزار 695 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 100 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار313 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 122 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 978 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 14 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 333 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 313 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 66 مریض رپورٹ ہوئے ہیں تاہم یہاں اس وائرس سے اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

ملک بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 8 ہزار 249 ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک 1 لاکھ 74 ہزار 160 کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔