بھارت میں احتجاج کا انوکھا انداز، شادیوں میں مودی کے مخالف گانے گائے جانے لگے

(آئی این این نیوز)

شادیوں کے موقع پر گانے بجانا اور گانا ایک عام رواج ہے لیکن اب بھارت میں احتجاج کا ایک انوکھا ہی انداز سامنے آیا ہے جہاں شادی بیاہ کی تقریبات میں مودی مخالف گیت گائے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں کسان نئے قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور اب شادی کی تقریبات میں بھی مودی مخالف گانے گائے جا رہے ہیں۔

بھارتی ریاست لدھیانا کے پنجاب کلچرل سوسائٹی کے صدر اور گلوکار روندر رنگوال نے کسانوں کے حق میں ایک گانا لکھا ہے جسے اب شادی بیاہ کی تقریبات میں احتجاجاً گایا جا رہا ہے۔

حال ہی میں مچھیوارا کے قریب ایک گاؤں میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فنکاروں نے کسانوں کے حق میں گانے گائے۔

واضح رہے کہ بھارت میں مودی حکومت کے نئے زرعی قانون کے خلاف کسان گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔

بھارتی کسانوں کو یہ خطرہ ہے کہ مودی حکومت نئے زرعی قانون کے ذریعے ان سے روزگار چھیننے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔