کراچی میں امن ہماری وجہ سے ہے: مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہےکہ کراچی میں امن پی ایس پی کی وجہ سے ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ  ایم کیو ایم کے کراچی سے دو وفاقی وزرا ہیں، کمزور حکومت ایم کیو ایم کی 6 سیٹوں سے چل رہی ہے، یہ استعفے دیں باہر آئیں تو حکومت ان کی بات مانے گی۔

انہوں نے وسیم اختر پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئےکہا کہ ان کا میئر اربوں کی کرپشن کرکے آزاد گھوم رہا ہے، وسیم اختر کی کرپشن پر کسی کو کوئی شک ہے، چارسال میں شہر کو لوٹ لیا اس پر کیس نہیں بن رہا کیونکہ وہ حکومت کا حصہ ہیں، جب تک یہ نمائندے رہیں گے تمہارے بچوں کوفلاح نہیں مل سکتی۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ شہر میں لاوا پک رہا ہے، لوگ ناراض ہیں اور  ہم پر بہت پریشر ہے، ہم پر پریشر ہے کہ ان سے حقوق چھینوں، ہماری وجہ سے شہر میں امن ہے، پاک سرزمین پارٹی شہر کو لاوارث نہیں چھوڑے گی، جلد کسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی وفاقی حکومت فیل ہوگئی ہے، ایم کیو ایم ایجنٹ ہے، سوداگر ہے، مہاجر نام پر جھوٹی سیاست کرتے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت عمران خان چلا رہا ہے اور عمران خان کی حکومت پیپلز پارٹی چلا رہی ہے، سارے توپ کے دہانے پنجاب کی طرف کیے ہوئے ہیں لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔