ٹوکیو میں ہیری پورٹر تھیم پارک کھولنے کا اعلان

مشہور جادوئی فلمی سیریز ہیری پورٹر کے مداح دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ فلم ریلیز کے تقریباً دو دہائیوں بعد بھی ہیری پورٹر کے مداح اس فلم سے متعلق کچھ نیا دیکھنے کی امید رکھتے ہیں۔

ہیری پورٹر کی اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے وارنر بروس اسٹوڈیو نے  جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو  میں ہیری پورٹر تھیم پارک کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

 ٹوکیو کے علاقے نیریما میں واقع توشیمیاں نامی امیوزمینٹ پارک کو رواں سال اگست میں بند کیا گیا تھا جہاں اب تعمیر نو کے ذریعے وارنر بروس اسٹوڈیو نے ہیری پورٹر تھیم پارک بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اسٹوڈیو کی جانب سے جاری  آفیشیل پریس ریلیز کے مطابق ٹوکیو کے توشیمیاں پارک کو ہیری پورٹر پارک میں تبدیل کیے جانے کے بعد  2023 میں عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

 پریس ریلیز کے مطابق ٹوکیو کا یہ پارک بھی دنیا کے دیگر تھیم پارکس کی طرح سب کچھ ہیری پورٹر کے لیے ہو گا جس میں جانے والے افراد ایسا محسوس کریں گے کہ گویا وہ جادوئی نگری میں آگئے ہوں۔

ٹوکیو میں قائم کیا جانے والا ہیری پورٹر تھیم پارک 30 ہزاراسکوائر میٹر رقبے پر پھیلا ہوگا جہاں نمائش کے لیے بھی  جگہ موجود ہو گی۔

تھیم  پارک میں آنے  والےسیاح  فلم ہیری پورٹر کے تخلیق کاروں کے ڈیزائن اور تعمیر کردہ فلمی سیٹس کا نظارہ کر سکیں گے، ساتھ ہی پارک کا نظارہ کرنے والے دیکھ سکیں گے کہ کس طرح دنیا کی پسندیدہ ترین کتاب ہیری پورٹرز کو اسکرین پر زندہ کیا گیا۔