ملک میں کورونا سے مزید 85 افراد انتقال کرگئے

ملک میں کورونا سے مزید 85 افراد انتقال کرگئے اور 2100 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئےہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39435 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے ریکارڈ 85 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.6 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 9753 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 67222 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 38511 ہے۔

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1824 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 418958 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 208514 ہوگئی ہے جب کہ 3440 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 134345 ہے اور 3831 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18028 اور ہلاکتیں 181 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 56544 اور 1585 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8103 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 213 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4844 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 36844 ہے اور اب تک 402 مریض انتقال کرچکے ہیں۔