برطانیہ سے واپس آنے والے 2 پاکستانیوں میں کوروناکی تصدیق

برطانیہ سے واپس پاکستان آنے والے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ واپس آنے والے 46 افراد کو غلط ایڈریس کی وجہ سے تلاش نہیں کیا جاسکا۔ 

سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا سید امیتاز حسین شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  برطانیہ سے واپس آنے والے خیبرپختونخوا کے جن دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ان میں سے ایک کا تعلق پشاور جب کہ دوسرے کا ابیٹ آباد سے ہے، متاثرہ افراد کے کورونا وائرس کی نوعیت جاننے کے لیے ٹیسٹ این آئی ایچ اسلام آباد سے کروائے جائیں گے۔

سیکرٹری صحت کے مطابق برطانیہ سے خیبرپختونخوا واپس آنے والے 31 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4افراد کے ٹیسٹ منفی آئے اور 25 افراد کی ٹیسٹ رپورٹس ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہیں جب کہ واپس آنے والوں کے 32 کنٹیکٹس کا بھی پتا چلایا گیا ہے، واپس آنے والے افراد کے کنٹیکٹس کا بھی کورونا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دستاویز کے مطابق برطانیہ سے خیبرپختونخوا واپس آنے والے 44 افراد کو تلاش کرلیا گیا ہے  جب کہ 46 افراد کو گھروں کے غلط ایڈریس کی وجہ سے تلاش نہیں کیا جاسکا۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے آنے والوں کو ہرصورت تلاش کیا جائے گا انہیں خود انتظامیہ سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ ان کے ٹیسٹ کروائے جاسکیں۔